لاہو ر (آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مکمل طور پر آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت و جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے متحرک ہے،سنگین سیاسی بحران براہِ راست ملکی معیشت کو ناقابلِ تصوّر نقصان پہنچا رہا ہے،جمہوریت کے بقاء و تسلسل کیلئے آئینی حدودمیں مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں جرمنی کے سفیر ایلفرڈ گرانس سے ملاقات میں کیا۔جرمن سفیر نے اتوار کو زمان پارک آمد پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں دوطرفہ امور، باہمی دلچسپی کے معاملات اور تحریک انصاف کے سیاسی فلسفے سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان میں انسانی حقوق کی بہیمانہ خلاف ورزیوں اور حکومتی سطح پر دستور سے انحراف کے جمہوریت سنگین منفی اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ملک پر ممکنہ معاشی و سفارتی اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔جرمن سفیر نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ممالک کو دی جانے والی جی ایس پی پلس حیثیت پر مرتب ہونے والے اثرات پر روشنی ڈالی۔ عمران خان کاکہناتھا جمہوریت کے بقاء و تسلسل کیلئے آئینی حدود میں مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور جمہوریت پر پیہم حملے اہلِ عالم کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔عتاب کے شکار عوام، سیاسی کارکنان اور آزاد صحافیوں کے حق میں دنیا بھر میں اٹھنے والی آوازوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔جرمن سفیر نے کہا پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ملک میں جمہوریت کے بقاء و تسلسل کے خواہاں ہیں۔بنیادی حقوق اور جمہوری اقدار کا فروغ و تحفظ سماجی نمو اور ترقی کیلئے اہم ہے۔کسی ملک میں انسانی حقوق کی کیفیت کے اسے حاصل جی ایس پی پلس حیثیت پر براہِ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں، جرمن سفیر نے کہا بطور شراکت دار پاکستان کی پائیدار معاشی و سماجی ترقی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
Load/Hide Comments



