ترقی کرتا ملک تباہ کرنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے، نوازشریف

لاہور(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک میں بیک وقت انتخابات کے موقف سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کرلیا، قائد ن لیگ نواز شریف کا کہنا ہے کہ ترقی کرتا ملک تباہ کرنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے، ہمیں فوری طور پر عوام کے مسائل حل کرنے اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو بہت جلد عوامی ریلیف کے بارے میں خوش خبری دیں گے ۔اتوار کو لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں پنجاب اور ملک کی مجموعی کی سیاسی، معاشی، قانونی صورتحال، اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ قیادت نے شرکت کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مذاکرات ملک و قوم کے لیے ہیں لیکن دوسری طرف ذاتی مفادات، ملک و اداروں کو بدنام کرنے کی جنگ اور ملک کو جنہوں نے ساڑے تین سال نقصان پہنچایا ان کی گارنٹی دینے والا ہی کوئی نہیں، ہمیں فوری طور پر عوام کے مسائل حل کرنے اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔نواز شریف نے ہدایت دی کہ ایک ہی دن انتخابات کی تاریخ اور دیگر معاملات سے متعلق اتحادیوں سے مل کر فیصلہ کیا جائے گا، انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کے لیے پالیسیاں بنائی جائیں،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ ملک و قوم کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ساڑے تین سال کے دران ملک و عوام دشمنوں نے اس ترقی کو تباہ کردیا، عوام ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جنہیں ترقی ہضم نہیں ہوتی، عوام کو ایسے افراد سے بچنا ہوگا اور ہمیں صرف ملک و قوم کا سوچنا ہوگا، ایک سال ہوگیا ملک کی بہتری و ترقی کے لیے اتحادیوں سے مل کر محنت کررہے ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام کو بہت جلد عوامی ریلیف کے بارے میں خوش خبری دیں گے، ریلیف پیکج سے عوامی مشکلات کم ہوں گی۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہت جلد ریلیف بارے خوشخبری دیں گے، ریلیف پیکیج سے عوامی مشکلات کم ہوں گی، ایک ہی دن انتخابات کی تاریخ اور دیگر معاملات سے متعلق اتحادیوں سے ملکر فیصلہ کیا جائے گا، ایک سال ہو گیا ملک کی بہتری و ترقی کیلئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر محنت کر رہے ہیں۔