اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مفت آٹا سکیم میں کسی قسم کی بد عنوانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے ن لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ مفت آٹا سکیم کی شفافیت کی تعریف تو مخالفین بھی کرتے رہے ہیں۔ یہ سکیم عوام کی سہولت کے لئے دیانت داری اور امانت داری کے ساتھ چلتی رہی ہے۔ کسی قسم کی بد عنوانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کل سیمینار میں کی جانے والی گفتگو حقائق کے بر عکس تھی اور حقیقت پر مبنی نہیں تھی۔قبل ازیں وفا قی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی آٹا سکیم کے حوالے سے کہا تھا کہ رمضان میں پنجاب،خیبرپختونخوا, سندھ اور اسلام آباد میں کروڑوں غریبوں کو اس مہنگائی میں پوری شفافیت اور ایمان داری سے مفت آٹا فراہم ہوا، وزیراعظم شہباز شریف نے خود نگرانی کی، شہروں کے دورے کرکے جائزہ لیا۔ تاریخی سکیم کی کامیابی میں انتظامی افسران اور عملے نے دن رات محنت کی جو قابلِ ستائش ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نیگزشتہ روز ایک سیمینار سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے 84 ارب روپے کا آٹا تقسیم کیا گیا، اس کے اندر 20 ارب سے زائد کی چوری ہوئی۔
Load/Hide Comments



