فضائی کمپنیوں کو حج فلائٹ آپریشن ترتیب دینے میں مشکلات

اسلام آباد (آن لائن ) قومی ایئرلائن پی آئی اے سمیت دیگر فضائی کمپنیوں کو حج فلائٹ آپریشن ترتیب دینے میں مشکلات پیش آنے لگیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت مذہبی امور کی طرف سے تاخیر کے باعث حاجیوں کا کوٹہ ابھی تک فائنل نہیں کیا جاسکا، حاجیوں کا کوٹہ فائنل نہ ہونے کی وجہ سے قومی ایئر لائن سمیت دیگر ایئرلائنز کو حج فلائٹ آپریشن مرتب کرنے میں مشکل درپیش ہے، کیوں کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے ایئر لائنز کو تاحال حاجیوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا گیا، جس کی وجہ یہ ہے کہ اس بار حاجیوں کی تعداد کوٹے سے کم ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے رواں سال استعمال نہ کیا جانے والے حج کوٹہ کی سعودی عرب کو واپسی پرغور شروع کر دیا ہے، حج کوٹہ کی واپسی کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی، درخواستوں کی کم وصولی پرسرکاری حج کوٹہ پرائیویٹ آپریٹرزکو دینے پربھی غورکیاگیا، پرائیویٹ حج آپریٹرزکو اضافی کوٹہ دینے پروہ مارکیٹ سے ڈالرزلیں گے۔ رواں سال حج کیلئے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار افراد کا ہے تاہم حج اخراجات میں غیر معمولی اضافے کے باعث درخواستیں جمع کرانے والے حج کے خواہشمندوں کی تعداد انتہائی کم ہے، اسپانسر شپ کے تحت 43 ہزار کے کوٹے میں صرف 6 ہزار اور ریگولر اسکیم میں 43 ہزار کے کوٹے میں 30 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، اس لحاظ سے دیکھا جائے تو مجموعی طور پر صرف 36 ہزار سے زائد درخواستیں ملی ہیں۔