کے الیکٹرک نے کراچی والوں کیلئے بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خطرے کی گھنٹی بجادی

اسلام آباد (آن لائن) کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے شہر قائد کے لیے موسم گرما میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کمپنی کو مالی سال 2022 کے ابتدائی 9 ماہ میں ریکارڈ 39.4 ارب روپے کا خسارہ ہوا۔ مالی سال 2022 کے ابتدائی 9 ماہ میں 1.49 ارب روپے کا منافع ہوا تھا۔ ترجمان کے مطابق معاشی سست روی کے باعث کے الیکٹرک کے بجلی کے یونٹس کے استعمال میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جولائی 2021 سے مارچ 2022 کے مقابلے میں جولائی 2022 تا مارچ 2023 کے دوران 5.8 فیصد بجلی کے یونٹس کے استعمال میں کمی واقع ہوئی۔ مہنگائی کے باعث کے الیکٹرک کو صارفین کی جانب سے بلوں کی ادائیگیوں میں کمی کا سامنا بھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے ادارے کو ادائیگیوں میں کمی اور اربوں روپے کے خسارے کے باعث آپریشن چلانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شہر میں ہائی لاس والے ایریاز میں بجلی فراہم کرنا کمپنی کے لیے ممکن نہیں ہوگا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے گرمیوں میں چوری والے علاقوں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ماہ اپریل میں بجلی چوری والے علاقوں میں 8 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔کم بجلی چوری والے علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیے 12 گھنٹے سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔