اسلام آباد (آ ن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی،ہمیں شدید ماحولیاتی واقعات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا ہوگا، عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی تنظیم برائے خوراک و زراعت کی گلوبل انفارمیشن اینڈ ارلی وارننگ سسٹم کی رپورٹ کے مطابق پاکستان شدید بارشوں کے خطرے سے دوچار 20 ممالک کی فہرست میں شامل ہے، رواں سال جون میں ال نینو سمندری رجحان کی واپسی کی پیش گوئی کی گئی ہے، ہمارے مقامی پیشگوئیوں سے ملتی جلتی ہے، ال نینو سمندری رجحان کی واپسی سے دنیا بھر میں شدید ماحولیاتی واقعات پیش آ سکتے ہیں جس میں، معمول سے زیادہ بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور غذائی قلت کے خطرات بھی شامل ہیں، پاکستان ان 20 ممالک میں شامل ہے جہاں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے،ان 20 ممالک میں امریکہ، ترکی، ایران اور دیگر شامل ہیں، شیری رحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 سالوں میں ال نینو سمندری رجحان کی تیسری بار واپسی قابل تشویش ہے،ہم پہلے ہی گزشتہ سال کی بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کے مرحلے میں ہیں۔ملک بھر میں 5 مئی تک جاری بارشوں کے باعث محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے خدشے کا اظہار کیا کہ کھڑی فصلوں، حال ہی میں کاٹی گئی فصلوں اور نئی بوائی کو نقصان ہو سکتا ہے،حکومت نے متعلقہ اداروں عوام اور کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
Load/Hide Comments



