شدید ترین مالی مشکلات کے باوجود آزادکشمیر کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی،قمر زمان کائرہ

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے اْمور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ رواں سال شدید ترین مالی مشکلات کے باوجودوفاقی حکومت نے آزادکشمیر کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل خطے ہیں اور ان دونوں علاقوں کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آن خیالات کا اظہار انہوں آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی واضح ہدایات جاری کررکھی ہیں اور وہ اس ضمن میں اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر مشیر اْمور کشمیر اور وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادکشمیر کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ وزیرا عظم آزادکشمیر نے مشیر اْمور کشمیر و گلگت بلتستا ن کی جانب سے نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ آزادکشمیر کے عوام کے دیے گئے اعتماد پر پورااترنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے اور پاکستان و آزادکشمیر کے باہمی رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کے لیے دن رات کوشاں رہیں گے۔اس موقع پر مشیر اْمور کشمیر قمر زمان کائرہ نے چوہدری انوار الحق کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر آزاد کشمیر حکومت کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔