لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، سابق ایم این اے شیخ طارق رشید اور صنعتکار اعجاز ملک نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔. ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد ملک میں بڑی مقدار میں زرمبادلہ بھیج کر معیشت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت میں استحکام کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد نے کہا کہ سعودی عرب میں 16 شہروں میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نو کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف کو دیا گیا شاہی پروٹوکول پاکستان دوستی کی عملی مثال ہے۔ شیخ سعید احمد نے مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کی جانب سے گورنر پنجاب کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی۔
Load/Hide Comments



