اسپتالوں میں خواتین اور مردوں کے لئے 5 تا 10 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیے جائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر محکمہ صحت نے تمام سرکاری اسپتالوں کو مونکی پوکس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا ہے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اسپتالوں میں خواتین اور مردوں کے لئے 5 تا 10 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیے جائیں جس کے بعد بی ایم سی اسپتال سول اسپتال مفتی محمود اسپتال بینظیر اسپتال شیخ زید اسپتال اور فاطمہ جناح اسپتال کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ تمام ضلعی اسپتالوں میں بھی آئسولیشن وارڈز کا قیام عمل میں لایا جائے اورمونکی پوکس وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اور ایس او پی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت تمام اسپتالوں کو ہائی جین سمیت دیگر ضروری سہولیات و آلات فراہم کرے۔