وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس:ایف بی آر کے ریونیو اہداف اور کارکردگی پر اظہار اطمینان

اسلام آباد(آن لائن)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کے سال2022-23 کے ریونیو اہداف اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اورریونیو ٹیم کو شاباش دی۔منگل کے روز وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی کے حوالے سے فنانس ڈویژن میں اجلاس ہوا۔ایس اے پی ایم آن فنانس مسٹر طارق باجوہ، ایس اے پی ایم آن ریونیو مسٹر طارق محمود پاشا، چیئرمین ایف بی آر، اور فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔چیئرمین ایف بی آرعاصم احمد نے جولائی 2022 سے مارچ 2023 کے ایف بی آر کے ریونیو اہداف اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی،اس بات کا اظہار کیا گیا کہ ایف بی آر مالی سال 23 -2022 کے بقیہ مہینوں میں اپنے اہداف کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیااور ریونیو ٹیم کو شاباش دی،اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو ریونیو کی وصولی کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تعاون فراہم کیا۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی ٹیم پر مزید زور دیا کہ وہ ملک میں ٹیکس کے حقیقی امکانات کے حصول کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائے۔