وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض کا 34 ویں نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والے پنجاب کے کھلاڑیوں کیلئے بڑا اعلان

لاہور (آن لائن) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے34ویں نیشنل گیمز 2023 میں میڈلز جیتنے والے پنجاب کے کھلاڑیوں کے لئے بڑا اعلان کیا ہے، مئی میں کوئٹہ میں ہونے والی 34 ویں نیشنل گیمز میں پنجاب کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو لاکھوں روپے کے انعامات دیئے جا ئیں گے،جمعرات کے روز وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 34 ویں نیشنل گیمز میں انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 5 لاکھ، سلور میڈل جیتنے والوں کو اڑھائی لاکھ اور براونز میڈل جیتنے والوں کو ایک لاکھ روپے،ٹیم ایونٹ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والوں کو 10 لاکھ،سلور میڈل جیتنے والوں کو 5 لاکھ اور براونز میڈل جیتنے والوں کو اڑھائی لاکھ روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے، وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام کھلاڑی دل لگا کر محنت کریں،بہترین پرفارمنس پر کیش انعامات کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اہم قدم ہے، پنجاب کی سپورٹس کی تاریخ میں کبھی اتنے انعامات نہیں دیئے گے، پنجاب میں سپورٹس کلچر کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں،کھلاڑیوں کی فلاح اولین ترجیحات میں شامل ہے۔