وزیراعظم نے اسکیم کے تحت لائی گئی گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے اسکیم کے تحت لائی گئی گاڑیوں کے معینہ مدت سے زائد اور غیر قانونی استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تما م گاڑیاں فوری ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسکیم کے تحت لائی گئی گاڑیوں کے معینہ مدت سے زائد اور غیر قانونی استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ, وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر, وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی براے خزانہ طارق باجوہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی.۔اجلاس میں ملک میں لگژری گاڑیوں کے داخلے اور اخراج کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایسی لگڑری گاڑیوں کی نشان دہی بھی کی گئی جو کہ Carnet-de-Passage کی سہولت کے تحت پاکستان میں لائی گئیں اور طے شدہ مدت پوری ہو جانے کے باوجود استعمال ہو رہی ہیں جس پر وزیرِ اعظم نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایسی تمام گاڑیاں فوری ضبط کرنے کے احکامات جاری کئیے. وزیرِ اعظم نے استفسار کیا کہ متعلقہ محکموں نے ایسی گاڑیوں کے خلاف پیشگی کاروائی کیوں نہیں کی.اس ضمن میں وزیرِ اعظم نے ایک کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی جو اس تمام معاملے کی تحقیقات کر کے ذمے داروں کا تعین کرے گی.وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ تمام اہل کار جو اسکیم کے غیر قانونی اور ناجائز استعمال میں ملوث پائے گئے یا اس حوالے سے غفلت کے مرتکب ہوئے انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔وزیرِ اعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایتکی کہ Carnet-de-passage اسکیم کے تحت ایسی تمام گاڑیاں جو اپنی مدت پوری کر چکی ہیں انکا تفصیلی اور درست ڈیٹا جلد از جلد اکٹھا کیا جائے.