قومی ڈائیلاگ کے آغاز کیلئے پیپلزپارٹی متحرک، پی پی پی وفد کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات

اسلام آباد(آن لائن) قومی ڈائیلاگ کے آغاز کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی متحرک ہوگئی ہے ، پاکستا ن پیپلزپارٹی یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں سید نوید قمر اور قمرالزمان کائرہ پرمشتمل وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی ہے۔اس موقع پر ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے اور ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج ہمارا وفد ایم کیو ایم کے پاس آیا ہے، سیاسی جماعتوں کا کام راستہ نکالنا ہے، پارلیمنٹ اور عدلیہ میں تصادم ہو رہے ہیں، ہم حل کیلئے اکٹھے ہو رہے ہیں، وزیراعظم کی پارٹی کے ساتھ تفصیل کے ساتھ بات ہوئی ہے۔ کوشش کریں گے جے یو آئی کے ساتھ بھی بات کی جائے۔پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ سیاسی ورکرز اپنے سامنے دیواریں کھڑی نہیں کرتے، سڑکیں بناتے ہیں، 22 کروڑ عوام پارلیمنٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں، سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی حالت ٹھیک ہوگی، سیاستدانوں کو مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہئیں، سیاسی جماعتوں کا کام ہے کہ مسائل کا حل نکالا جائے۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کو تصادم سے بچاؤ کیلئے بات چیت کی جائے ، تمام اداروں کی اپنی اپنی حدود رہیں، اگر ہم اپنی حدود سے تجاوز نہیں کریں گے تو تصادم نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی جماعتوں کے مابین بات چیت سے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ایم کیو ایم کے ا را کین قومی اسمبلی اسامہ قادری صلاح الدین اور صابر قائم خانی نے ملاقات میں پیپلزپارٹی قائدین کو بات چیت کے زریعے سیاسی مسائل کے حل اور اتفاق رائے پیدا کی تجویز کی حمایت کی ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما ؤں نے کہا کہ سیاستدان جنگ کیلئے ایوان میں نہیں آتا، عوام ہمیں پارلیمنٹ میں مسائل کے حل کیلئے بھیجتی ہے، پنجاب میں ایک چلتی ہوئی حکومت کو توڑا گیا، ایک سیاسی جماعت نے بحران پیدا کیے، ایسے حالات میں حکومت کیلئے 21 ارب روپے مختص کرنا مشکل ہے، انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، کسی کی ذاتی سوچ کے مطابق ملک نہیں چلایا جاسکتا۔ بعدازاں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان اور میاں افتخار حسین نے تین مئی کو منعقد ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت دینے کیلئے ایم کیو ایم اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اور اے پی سی میں مدعو کیا ایم کیو ایم نے خیر مقدم کرتے ہیں شرکت کی یقین دہانی کروائی۔