اسلام آباد(آن لائن) پاکستا ن پیپلزپارٹی کے وفد نے یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے اور ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج ہمارا وفد ایم کیو ایم کے پاس آیا ہے، سیاسی جماعتوں کا کام راستہ نکالنا ہے، پارلیمنٹ اور عدلیہ میں تصادم ہو رہے ہیں، ہم حل کیلئے اکٹھے ہو رہے ہیں، وزیراعظم کی پارٹی کے ساتھ تفصیل کے ساتھ بات ہوئی ہے۔ کوشش کریں گے جے یو آئی کے ساتھ بھی بات کی جائے۔پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ سیاسی ورکرز اپنے سامنے دیواریں کھڑی نہیں کرتے، سڑکیں بناتے ہیں، 22 کروڑ عوام پارلیمنٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں، سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی حالت ٹھیک ہوگی، سیاستدانوں کو مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہئیں، سیاسی جماعتوں کا کام ہے کہ مسائل کا حل نکالا جائے۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کو تصادم سے بچاؤ کیلئے بات چیت کی جائے،، تمام اداروں کی اپنی اپنی حدود رہیں، اگر ہم اپنی حدود سے تجاوز نہیں کریں گے تو تصادم نہیں ہوگا۔اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما ابوبکر نے کہا کہ سیاستدان جنگ کیلئے ایوان میں نہیں آتا، عوام ہمیں پارلیمنٹ میں مسائل کے حل کیلئے بھیجتی ہے، پنجاب میں ایک چلتی ہوئی حکومت کو توڑا گیا، ایک سیاسی جماعت نے بحران پیدا کیے، ایسے حالات میں حکومت کیلئے 21 ارب روپے مختص کرنا مشکل ہے، انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، کسی کی ذاتی سوچ کے مطابق ملک نہیں چلایا جاسکتا۔
Load/Hide Comments



