راولپنڈی (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق چیف جسٹس کو آ ڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ثاقب نثارغریب کو انصاف کیلئے نہیں سیاسی دکان چمکانے کیلئے عدالت لگاتے تھے۔ یہ شخص کہتا تھا کہ 20 ارب روپے غرق ہوگئے ہیں اگر ایسا تھا تو لاہورکا سب سے بڑا کورونا سینٹر کیسے بن گیا۔ راولپنڈی میں انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مریضوں کا علاج کرنا بہت بڑی عبادت ہے، اس اسپتال کی تعمیر میں 5 ارب روپے لگ چکے ہیں، اسپتال کو بہت پہلے دکھی انسانیت کی خدمت میں کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے اس اسپتال کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا تھا لیکن کورونا کے دنوں میں بھی اسپتال نے بے پناہ خدمات انجام دیں۔وزیراعظم نے سابق چیف جسٹس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص دن رات کہتا تھا کہ شہباز شریف نے 20 ارب روپے کہاں لگائے، وہ شخص کہتا تھا کہ 20 ارب روپے غرق ہوگئے ہیں، اس شخص کانام ہے ثاقب نثار، اگر 20 ارب غرق ہوگئے تھے تو لاہورکا سب سے بڑا کورونا سینٹر کیسے بن گیا، انہوں نے کہا کہ ثاقب نثارغریب کو انصاف کیلئے نہیں سیاسی دکان چمکانے کیلئے عدالت لگاتے تھے، ثاقب نثار حنیف عباسی کو شکست دلانے کے لئے شیخ رشید کے ایجنٹ بن کر حلقے میں گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجرہ ممنوعہ قرار دینا چاہیے، تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی قطع اجازت نہیں ہونا چاہیے۔
Load/Hide Comments



