عالمی منڈی میں تیل سستا پاکستان میں مہنگا، پہلے ہی کہا تھا اسحاق ڈار نااہل وزیرخزانہ ہے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور (آن لائن) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے سابق رکن قومی اسمبلی رانا محمد نذیر، سابق ایم پی اے سونیا شاہ، علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل سستا لیکن پاکستان میں مہنگا، پہلے ہی کہا تھا اسحاق ڈار نااہل وزیرخزانہ ہے، پٹرول کی قیمت میں دس روپے فی لٹر کا اضافہ ظلم ہے، اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے آگے لیٹ گئے مگر پھر بھی وہ اعتبار کرنے کوتیا ر نہیں، اسحاق ڈار کو اگر کچھ نہیں آتا تو شوکت ترین سے ہی سیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہلوں کا ٹولہ ملک پر مسلط ہے جس نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، وفاق میں شوباز اور صوبے میں تڑی باز نے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے، آئی ایم ایف کی آشیرباد حاصل کرنے کیلئے نااہل حکمران عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کو قانون سازی کا کوئی حق نہیں، سپریم کورٹ کی خلاف سب سرجوڑ کر کابینہ کے اجلاس پہ اجلاس بلا رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی عدلیہ کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی قابل افسوس ہے، مولانا فضل الرحمن کو عدلیہ کے خلاف غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے گریز کرنا چاہئے، فضل الرحمن کو معلوم ہونا چاہئے کہ قوم پوری قوت سے عدلیہ کی فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ مرکزی صدر تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ تمام ملکی اور غیر ملکی سروے رپورٹیں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی کامیابی کی پیشگوئی کر رہی ہیں، پی ڈی ایم الیکشن روکنے کی کوششیں کر کے پنجاب اور کے پی کے میں ہماری الیکشن مہم مفت میں چلا رہی ہے، ایسا نہ ہو اس بار عمران خان خیبرپختونخواہ سے ان پارٹیوں کا صفایا ہی کر دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن اور قومی سلامتی لازم و ملزوم ہیں، عوام اور ادارے مل کر ہی قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں، موجودہ گھس بیٹھیوں کے حکومت میں ہوتے ہوئے قومی سلامتی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، پوری دنیا کو معلوم ہے کہ وفاق میں پی ڈی ایم حکومت پہلے دن سے نفرت کا نشان بن چکی ہے، پنجاب میں نگران حکومت کو عوام پہلے دن سے ہی مسترد کر چکے ہیں، پنجاب میں عوام کی منتخب حکومت ہی کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا قلع قمع کر سکتی ہے، الیکشن کے بعد پنجاب میں گینگسٹروں کے خاتمہ کیلئے جامع حکمت عملی تیار کریں گے، انشاء اللہ پنجاب کو پھر سے ترقی، خوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن کر دیں گے۔