کراچی (آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے جمعہ کو گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی اور مردم شماری وخانہ شماری میں سنگین جعل سازیوں و بے ضابطگیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اورکہاکہ اس طرح کراچی کو اس کے جائزقانونی حقوق، نمائندگی اور ملازمتوں سے محروم کردیا جائے گا۔گورنر سندھ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ میں نے بحیثیت گورنر سندھ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کو بھی خط ارسال کیا ہے جس میں مردم شماری میں پائی جانے والی بے ضابطگیاں دورکرنے اورجب تک مردم شماری کا مسئلہ حل نہیں ہوجاتا تاریخ میں توسیع کا کہا ہے۔وفد میں سکریٹری کراچی منعم ظفر خان، نائب امراء کراچی راجا عارف سلطان، مسلم پرویز اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی شامل تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو جائے نماز اور دینی کتب کا تحفہ پیش کیا۔ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمن اورگورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہم نے گورنر سندھ کو مردم شماری میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ہے،ہمارا واضح اور دو ٹوک مطالبہ ہے کہ کراچیمیں رہائش پذیر ہرفرد کو کراچی میں ہی شمار کیا جائے اور ہر شہری کو اختیار دیا جائے کہ وہ چیک کرسکے کہ اسے شمار کیا گیا ہے یا نہیں۔مردم شماری کے حوالے سے شہر کی اسٹیک ہولڈرز جماعتوں پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے اور مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کی جائے،ماضی میں بھی کراچی کی مردم شماری میں جعل سازی کی گئی اور اب تک کی مردم شماری میں بھی سوچی سمجھی سازش کے تحت کم گنا گیا ہے۔ جب کراچی کی حقیقی آبادی ٹھیک شمار نہیں کی جائے گی تو اس سے ملازمتوں، شہری وسائل اور سندھ اسمبلی میں نمائندگی میں بھی اس کے حق کے مطابق نہیں مل سکے گی۔:2017کی مردم شماری کے حوالے سے بھی ہمارا مطالبہ یہی تھا کہ مردم شماری کی منظوری نہ دی جائے بلکہ ٹھیک کیا جائے لیکن ایم کیوا یم اور پی ٹی آئی نے مل کر جعلی مردم شماری کی منظوری دی۔ڈیجیٹل مردم شماری میں بھی کراچی کی آبادی کو آدھا گنا گیا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ شہر میں گیس کی عدم فراہمی کا مسئلہ جوں کا توں ہے، شدید گرمی میں بھی سحر و افطار اور مختلف اوقات میں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔گیس وفاقی حکومت کا مسئلہ ہے،گورنر سندھ وفاق کے نمائندے ہیں،امید ہے کہ گیس کے مسئلے کو حل کرنے میں کردار ادا کریں گے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ جماعت اسلامی کے وفد کا گورنر سندھ آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں۔ مردم شماری میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کے حوالے سے تفصیلی بات سامنے آئی۔جماعت اسلامی کے علاوہ دوسری جماعتوں کو بھی مردم شماری میں اعتراضات ہیں جنہیں دور کیا جانا ضروری ہے۔اس حوالے سے میں نے وفاقی وزیر کو خط بھی ارسال کردیا ہے.
Load/Hide Comments



