یو اے ای نے ایک بلین ڈالر فنانسنگ کی تصدیق کر دی، اسحاق ڈار

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پاکستان کو کی جانے والے ایک بلین ڈالر فنانسنگ کی تصدیق کر دی ہے۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان یو اے ای رقم کی پاکستان منتقلی کے لئے ضروری کارروائی کر رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ اقدام تب اٹھایا گیا ہے جب آئی ایم ایف نے پاکستان پر دوست ممالک سے فنانسنگ کے حوالے سے تحریری یقین دہانیاں فراہم کرنے کی شرط عائد کی تھی۔ اس سے قبل سعودی عرب نے بھی پاکستانی کی فنانسنگ کے حوالے سے آئی ایم ایف کو تصدیق کی ہے جس کے بعد اب پاکستان اور عالمی ادارے کے مابین سٹاف لیول معائدے کی راہ مزید ہموار ہو چکی ہے۔