اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کی براہ راست نشریات دکھانے سے دہشت گردوں کو بھی مدد ملتی ہے،آزادی اظہار کے حق کو مقدس سمجھتے ہیں، آزادی اظہار رائے پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے قوانین پر عمل کریں گے۔ دہشت گردوں کا اصل مقصد اور ہدف عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہی ہوتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہدہشت اور تشدد والے مناظر ٹی وی پر نہ چلانے کے ضابطہ اخلاق سے متعلق پیمرا آرڈر پر بعض تحفظات سامنے آئے ہیں اس آرڈر میں دہشت گردی، اس کے بعد کے مناظر، لاشیں، تباہی نہ دکھانے کا کہا گیا ہے۔اس حکم کا بنیادی مقصد عوام کو خوف ودہشت سے بچانا ہے۔دہشت گردوں کا اصل مقصد اور ہدف عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہی ہوتا ہے، دنیا بھر میں یہ حدود متعین ہیں، ہر ذمہ دار ادارہ اور آرگنائزیشن ان کی پاسداری کرتا ہے، دہشت گردی کی کارروائیوں کی کوریج کا ایک عالمی ضابطہ ہے،یہ ملکی قانون کا حصہ ہے، پوری دنیا میں ان ضابطوں پر بلا استثناء عمل ہوتا ہے، دہشت گردی کے واقعات کی براہ راست نشریات دکھانے سے دہشت گردوں کو بھی مدد ملتی ہے، آپریشن کے بعد کی حساس معلومات بھی شرپسندوں کو مل جاتی ہیں، آزادی اظہار کے حق کو مقدس سمجھتے ہیں، اس حق کے لئے ہم نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، آزادی اظہار رائے پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے قوانین پر عمل کریں گے۔
Load/Hide Comments



