اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز آن لائن میٹنگ ایپ زوم کے ذریعے عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سپرنگ میٹنگز میں شرکت کی ہے۔ وزارت خزانہ اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم کی قیادت آئی ایم ایف کے مشن برائے مشرق وسطی اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جیہاد آزور نے کی۔ مذاکرات کے دوران پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معائدے کے حصول کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات اور، خاص کر آئی ایم ایف وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کے درمیان ہونے والی بات چیت اور پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف حکام کو آگاہ کیا کہ ملکی حالات کے سبب وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں پاکستان میں رہنے کی ہدایت کی ہے جس کے سبب انہوں نے اپنا طے شدہ دورہ امریکہ منسوخ کیا اور آن لائن میٹنگ میں حصّہ لیا۔ وفاقی وزیر نے آئی ایم ایف حکام کو پاکستان کودرپیش معاشی مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آئی ایم ایف حکام کو ملک میں دیرپا معاشی استحکام لانے کے لئیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسیلیٹی (ای ایف ایف) کے نویں ریویو پروگرام کے حصول کے لئیے عالمی مالیاتی فنڈ کی تمام شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنا لیا گیا ہے اور حکومت پاکستان آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدوں پر من و عن عمل در آمد کے لئے کام کر رہی ہے۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ واحد کامیاب آئی ایم ایف پروگرام بطور وزیر خزانہ ان کے دور میں مکمل ہوا۔ آئی ایم ایف ڈائریکٹر جیہاد آزور نے اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے مابین فنڈ کے بورڈ کی جانب سے دی جانے والی منظوری کے بعد سٹاف لیول ایگریمنٹ طے پا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ایجنڈے کو جاری رکھے گا اور آئی ایم ایف پروگرام کو طے شدہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی مالیاتی فنڈ پاکستان میں معاشی استحکام لانے کے لئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ وزارت خزانہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق پاشا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ نے اسلام آباد سے حصہ لیا۔
Load/Hide Comments



