اسلام آباد(آن لائن) پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں جی 20 اجلاس پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کا غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جی 20 اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا غیر قانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں جی20 اجلاس کرنیکا منصوبہ ہے اور بھارت نے 22 تا24 مئی سیاحتی ورکنگ گروپ کا سری نگر میں اجلاس شیڈول کیا، سری نگر اورلہہ میں امور نوجوانان پر دیگر 2 شیڈول اجلاس بھی پریشان کن ہیں، بھارت کی غیرذمہ دارانہ حرکت مقبوضہ کشمیرکے غیرقانونی قبضے کو دوام دینے کا اقدام ہے اور یہ اقدام کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کوبھی مدنظرنہیں رکھاگیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کاغیر ذمہ دارانہ اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چارٹرکی خلاف ورزی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات جموں وکشمیرکی حقیقت چھپا نہیں سکتے، مقبوضہ کشمیربین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور مقبوضہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈیپر7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے ایسی حرکتیں بھارت کی مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق پامالیوں، جغرافیائی ہیت کی تبدیلی کی مذموم کوششوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتیں۔
Load/Hide Comments



