وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی نااہلی، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

مظفر آباد آن لائن) الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔سردار تنویر الیاس حلقہ ایل اے 15 باغ سے الیکشن جیت کر اسمبلی میں آئے تھے، وہ 27 جولائی 2021 کو اسمبلی رکن منتخب ہوئے اور 18 اپریل 2022 کو سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ آزادجموں و کشمیرالیکشن کمیشن نے وزیراعظم آزادکشمیر کو اسمبلی رکنیت ختم ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ایل اے15باغ دو کی نشست کو خالی قرار دے دیا ہے۔قبل ازیں آزاد کشمیر کی ہائیکورٹ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو نااہل قرار دیا، عدالت نے سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت میں سزا سنائی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کو عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں طلب کیا گیا تھا۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور اعلیٰ عدلیہ سے غیر مشروط معافی مانگی، انہوں نے تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ میں اعلیٰ عدلیہ سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔ عدالت عالیہ کے فل کورٹ نے سردار تنویر الیاس کو اسمبلی کی رکنیت سے بھی فارغ کرنے کا حکم جاری کیا، آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔