وزیراعظم کی ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کا ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر کی مسیحی برادری، خاص طور پر ہمارے پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی بہت بہت مبارکباد ہو،ایسٹر پیار محبت اورباہمی احترام کے جذبے کا نام ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ وقت میں اتحاد اورمذہب کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے،حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمیں ضبط وتحمل، بھائی چارے اور انسانیت کے ساتھ محبت کا درس دیا ہے،ایسٹر کا تہوار ہمیں حضرت عیسی علیہ السلام کی برداشت کی یاد دلاتا ہے۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو اپنا کر ہی معاشرے میں امن اور اتفاق قائم کیا جا سکتا ہے،مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اہم کردارادا کیا بلکہ وہ ملکی ترقی میں بھی ہاتھ بٹا رہی ہے،حکومت ملک میں تمام اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کے جان ومال کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے،آئیے ہم سب دنیا کو ایک پرامن جگہ بنانے کا عہد کریں جہاں کمیونٹیز ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں اور بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہوں۔ دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں ایسٹر کے موقع پر مسیح برادری کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے اور کہا کہ پاکستان کیلئے مسیح برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،پاکستان میں بسنے والے تمام غیر مسلم شہریوں کو چاہیئے اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں، پاکستان میں بسنے والے غیر مسلم کو اقلیت نہ کہا جائے 1973 کے آئین میں برابر کے شہری ہیں، انہوں نے کہا کہ شہید شہباز بھٹی پاکستان پیپلزپارٹی کے ہیرو ہیں،ہم صرف پاکستانی قوم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالنے میں کامیاب ہونگے، ہمارے نبی پاک نے تمام مذاہب کا احترام کرنا سکھایا ہے جو رحمت العالمین ہیں، ہر طرح کی شدت پسندی کو شکست دیکر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے۔ادھرسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیح برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیح برادری کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسٹر پوری مسیح برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے محبت، رواداری اور بھائی چارے کی تبلیغ کے لیے مبعوث کیا۔ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی محبت کا پیغام آج بھی سب قومیتوں اور برادریوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو در پیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔سپیکر نے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آئین میں دیے گئے حقوق اور قائدآعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔