اسلام آباد (آ ن لائن)وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ صرف چیف جسٹس نہیں ہے جسٹس اطہر من اللہ نے صاف کہا کہ جو فیصلہ لکھا گیا وہ مختلف تھا،فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے اندر سے آوازیں آرہی ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے نوٹ میں لکھا یہ چار،تین کا فیصلہ ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ چیف جسٹس کو اپنے ادارے کی ساکھ کیلیے فل کورٹ بنانا چاہیے۔ وزیر مملکت پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ صدر نے انکار کیا تو آئین کے تحت بل مشترکہ اجلاس میں پیش ہوگا، مشترکہ اجلاس میں منظوری کے بعد بل قانون بن جائے گا۔عالمی مالیاتی فنڈ کے حوالے سے بات چیت پر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی تمام شرائط مان لی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے کہا آپ دوست ممالک سے بھی فنڈنگ کی کمٹمنٹ کریں۔ سعودی عرب نے دو ارب ڈالر کی کمٹمنٹ کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں پر غریب عوام کو ریلیف دینا سبسڈی نہیں۔ یہ کوئی سبسڈی نہیں تھی اس لیے آئی ایم ایف سے ڈسکشن نہیں ہوئی۔وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ گیس لوڈ شیڈنگ پر تین دن میں سوئی سدرن کمپنی کے دفتر رہا۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں گیس صبح 8 سے دوپہر ڈھائی بجے تک بند کی جاتی ہے، دوپہر ڈھائی بجے کے بعد گیس پریشر بلڈ ہو رہا ہوتا ہے جو سحری تک رہتا ہے۔
Load/Hide Comments



