افغانستان سے امریکی انخلا کا فیصلہ درست تھا، جو بائیڈن انتظامیہ کی انخلا سے متعلق رپورٹ جاری

واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا پر رپورٹ جاری کردی جس میں انخلا سے متعلق فیصلے کو درست قرار دیا گیا ہے۔ غیر ملکی کبر رسان ادارے کے مطابق 12 صفحات پر مشتمل رپورٹ کی سمری میں کہا گیا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلا نے امریکی اتحاد یا عالمی سطح پر امریکی حیثیت کو کمزور نہیں کیا، صدر بائیڈن اب بھی یہی سمجھتے ہیں کہ افغانستان سے نکلنے کا فیصلہ بالکل درست تھا۔ رپورٹ کے مطابق افغان انخلا کے بعد اب امریکا کسی بھی جگہ خراب ہوتی سکیورٹی صورتحال میں انخلا کو ترجیح دیتا ہے، افغان انخلا سے سیکھے گئے سبق یوکرین اور ایتھوپیا میں بھی اپلائی کیے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے نظر اندازی، اور بعض صورتوں میں جان بوجھ کر انحطاط کا حوالہ دیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی انخلا کی صرف تاریخ دی تھی، لائحہ عمل نہیں بتایا تھا، ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلوں اور لائحہ عمل میں فقدان سے بائیڈن انتظامیہ کے اختیارات محدود ہوئے۔دوسری جانب رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وائٹ ہاوس غلط معلومات کا کھیل کھیل رہا ہے۔