اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی پر ترکیہ خاموش تماشائی نہیں بنے گا، صدر ایردوان

انقرہ (آن لائن) ترک صدررجب طیب ایردوان نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصی پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہو ے کہا ہے کہ ظالمانہ حملوں کے خلاف خاموشی سے نہیں بیٹھیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکیہ ان ظالمانہ حملوں کے سامنے خاموش نہیں بیٹھے گا۔ مسجد اقصی تک پہنچ کر حرم الشریف کے تقدس کو پامال کرنے کا مطلب ہماری ریڈ لائن کو عبور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مسلمانوں کے قبلہ اول کے خلاف مذموم کارروائیوں کی مذمت کرتا ہوں اور حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا اسرائیل ظلم کی سیاست پر عمل پیرا ہے تا ہم اسے یہ جان لینا چاہیے کہ فلسطینی عوام تنہا نہیں ہیں۔