مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں سے دنیا بھر میں مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے،پاکستان

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان نے مسجد اقصی میں اسرائیلی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں سے دنیا بھر میں مسلمانوں کو تکلیف پہنچی،بھارت انسانی حقوق کے محافظوں اور مسلمانوں کے خلاف مظالم بند کرے، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا بیان سفارتی محاذ پر پاکستان کوبدنام کرنیکی کوشش ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے مسجد اقصی میں اسرائیلی تشدد کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں سے دنیا بھر میں مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے ہم ایک مرتبہ واضح کرنا چاہتے ہیں اسرائیل کے حوالے سے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی 8 ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات کا سامنے آنا انتہائی تشویشناک ہے۔بھارت میں 4 ہزار سے زائد اسلامی کتب اور قرآن پاک کو نذر آتش کیا گیا جبکہ مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات ہندوتوا پر مبنی نظریے کے فروغ کا نتیجہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی مسلمانوں کی صورتحال کے حوالے سے او آئی سی کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار اور اجتماع کے حق کو کچلنے کی پالیسی بند کرے۔مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اقوام متحدہ کے حکام کے مذمتی بیان کی حمایت کرتے ہیں۔، مقبوضہ کشمیر میں بھی کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔پاک ایران سرحد پر فائرنگ کے واقعہ سے متعلق سوالوں کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور ایران کی حکومتیں اس معاملے پر رابطے میں ہیں۔ترجمان نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ کیا اس واقعہ کے تناظر میں ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے یا نہیں۔اس سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا بیان سفارتی محاذ پر پاکستان کوبدنام کرنے کی کوشش ہے۔ پاکستان کے خلاف الزام تراشی کرتے ہوئے بھارتی رہنما اپنے ملک کے سماجی ڈھانچے کو نظر انداز کردیتے ہیں جو ہندوتوا کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان جمہوری اقدار پر یقین رکھتا ہے۔ایک اور سوال پر ترجمان نے پاکستانی مردوں کے حوالے سے برطانوی وزیر داخلہ کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی وزیر داخلہ کا بیان خطرناک رجحانات کو فروغ دے گا۔ترجمان نے یونان میں پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ یونانی حکام نے گرفتاری سے متعلق ہمیں آگاہ کیا ہے۔پاکستان تحقیقات اور تفتیش کے لئے یونانی حکام سے مکمل تعاون کرے گا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ امیر مقام نے ایس سی او کانفرنس میں ورچوئل شرکت کی، ملائیشیا میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کو بیلجیئم اور یورپی یونین میں سفیر مقرر کردیا گیا ہے۔