حکومت تمام تر معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پر امید ہے،اسحاق ڈار

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت تمام تر معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پر امید ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سے منگل کے روز آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق پاشا، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر اعلیٰ ترین حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر خزانہ نے اپٹما وفد کو فنانس ڈویڑن آمد پر خوش آمدید کہا اور پاکستان کی معیشت کی موجودہ صورتحال کے بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت تمام تر معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پر امید ہے۔اس موقع پر مہمان وفد نے وزیر خزانہ کو اپٹما کے ملکی آمدن، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات کے فروغ میں کردار پر روشنی ڈالی۔ مہمان وفد نے وفاقی وزیر اور حکومتی معاشی ٹیم کو ٹیکسٹائل صنعت کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ وفاقی معاشی ٹیم کو آگاہ کیاگیا کہ ٹیکسٹائل صنعت کو گیا اور بجلی کی دستیابی اور انکی بلند ترین قیمتوں سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مہمان وفد نے یہ بھی بتایا کہ انکی صنعت کو درآمدات اور برآمدات کی مد میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مہمان وفد نے بتایا کہ انہیں ایل سیز نہ کھلنے کے سبب پھنسے ہوئے خام مال اور خطے میں نسبتاً بلند ترین توانائی قیمتوں جیسے بنیادی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر اپٹما وفد نے حکومت کو معیشت کی ترقی اور استحکام کے لئے درکار تمام تر تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا بارہا اظہار کیا کہ حکومت کو درپیش معاشی مسائل کا انہیں بخوبی علم ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نہ ٹیکسٹائل صنعت کے ملکی ترقی میں کردار کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومت بنیادی صنعت کو تمام تر تعاون فراہم کرے گی.