قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس (آج) بدھ کو ہوگا، دفتر خارجہ میں ہونیوالے اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین محسن داوڑکریں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی پر اس کے اثرات کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈا میں شامل ہے۔اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں چین کے بڑھتے ہوئے کردارکے تناظر میں خطے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی پر اس کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں کمیٹی کی سابقہ سفارشات پر عمل درآمد کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔اجلاس کے دوران وزارت خارجہ کی افغان شہریوں کے لیے ویزا کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانی مشنز کو ہدایات کے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین اور دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔