ایران کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے نام خطوط، امریکی الزامات مسترد

تہران (آن لائن) ایران نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کے نام مراسلے ارسال کر کے یہ واضح کیا ہے کہ شام میں ایران کی موجودگی مکمل طور پر قانونی ہے اور وہ اپنے افراد، مفادات اور تنصیبات کے خلاف ہر قسم کے غیر قانونی اقدام کا سخت جواب دے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے یہ بات امریکی مراسلے کے جواب میں ایک خط میں کہی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام میں امریکہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور وہ شام میں تیئس مارچ کو شام کی غیر عسکری تنصیبات پر امریکہ کے غیر قانونی حملے کی سخت مذمت کرتا ہے کہ جس میں متعدد بے گناہ لوگ شہید و زخمی ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنے اس بہیمانہ جرم کی ذمہ داری کو تسلیم کرنا ہوگا کہ جس میں شام کے اقتدار اعلیٰ، ملکی سالمیت، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلی خلا ف ورزی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے جرائم اور غلطیوں کا ذمہ دار دوسروں کو نہیں ٹھہرا سکتا۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ شام کی حکومت بارہا یہ واضح کر چکی ہے ملک میں امریکہ کی موجودگی غیر قانونی ہے اور اس کا یہ مسلسل مطالبہ رہا ہے کہ امریکی فوج وہاں سے فوراً باہر نکل جائے۔