مکی آرتھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت میں کام کیلئے پر عزم

لاہور(آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کنسلٹنٹ کی حیثیت سے ایک دفعہ پھر ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں میڈیارپورٹ کے مطابق مکی آرتھر ٹیم کی تیاریوں میں ان کے ساتھ میدان میں نہیں ہوں گے لیکن کوچز کے گروپ کو ہدایات دیں گے جو ٹیم کو تیار کریں گے۔ پی سی بی نے مکی آرتھر کو ان کے معاہدے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں قومی ٹیم کے کنسلٹنٹ کا عہدہ دے دیا۔کرکٹ ویب سائٹ کو ایک انٹرویو میں مکی آرتھر نے کہا کہ ’میں یہ موقع ملنے پر بہت خوش ہوں کیونکہ پاکستان میرے لیے بہت عزیز ہے لیکن ڈربی شائر بھی ایسے ہی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی نے جب میرے ساتھ بات کی تو میں ان کو جو باتیں کہتا رہا ان میں سے ایک یہ تھی کہ ڈربی شائر درحقیقت میں لیے بہت اہم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں میرا چار سال کا معاہدہ ہے اور مجھے اس منصوبے میں ابھی صرف ایک سال ہوا ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ میں اپنا منصوبہ اور شیڈول ترتیب دے چکا ہوں، میں جانتا ہوں کہ یہ ناممکن ہے لیکن ہم اس وقت سے گزر رہے ہیں۔ مکی آرتھر نے کہا کہ میں ان تمام کھلاڑیوں سے کسی طرح رابطے میں رہا، جنہیں میں نے اپنے سامنے ابھرتے ہوئے دیکھا، جب میں ان کے ساتھ تھا اس وقت چیلنج یہ تھا کہ وہ نوجوان تھے اور وہ اب سنجیدہ کھلاڑی بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کو منظم کرنا بہت اہم ہوگا لیکن میرے ان سب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور میں بے تابی سے اس کا انتظار کر رہا ہوں۔مکی آرتھر کا اگلے ماہ لاہور کے دورے کا امکان ہے لیکن ان کا قیام زیادہ طویل نہیں ہوگا۔بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کے دوران مکی آرتھر ٹیم کی رہنمائی کے دستیاب ہوں گے۔قومی ٹیم کے کوچنگ عملے کی سربراہی ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن کریں گے اور ان کے ساتھ بیٹنگ کوچ اینڈریو پوٹیک اور مورنے موکل باؤلنگ کوچ ہوں گے جبکہ کلف ڈیکون فزیو اور ڈریکوس سائیمون اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کے طور پر پہلے ہی ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔