لاہور(آن لا ئن)وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی مشروط پیش کش کردی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کو سائیڈ پر کرے اور پھر ہمارے ساتھ مذاکرات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا فلسفہ اور سیاست انتقام ہے، وہ ہر بار کہتے ہیں میں چھوڑوں گا نہیں اور پارلیمانی سیاست میں یہ کہے کہ میں اپنے مخالف کے ساتھ ہاتھ نہیں ملا سکتا، ایسے شخص کے ساتھ کیسے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ ہم ایک سال سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کی کوششیں کررہے ہیں جبکہ یہ شخص اندر ہی اندر ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے، عمران خان نے متعدد بار کوشش کی کہ ہمارا آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہو۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت ملک کے مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے تو وہ عمران خان کو سائیڈ کرے اور پھر ہمارے ساتھ مذاکرات کرے۔
Load/Hide Comments



