مہنگائی میں مزید اضافے کا امکان،پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے سے بھی مہنگائی بڑھی،رپورٹ

اسلام آباد (آن لائن) وزارت خزانہ نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ بنیادی اشیاء کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ حالیہ ہفتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے بھی مہنگائی بڑھی۔ وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کوکامیابی سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابوکرکے زرمبادلہ کے ذخائرپردباؤ کم کیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے فروری تک ترسیلات زرمیں 10 فیصد کمی ہوئی، مالی سال کے 8 ماہ میں برآمدات میں 9.7 اور درآمدات میں 21 فیصد کمی ہوئی، مالی سال کے 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 68 فیصد کم ہوا اور غیرملکی سرمایہ کاری میں 40.4 فیصد کمی ہوئی۔وزارت خزانہ کے مطابق 29 مارچ کو اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر4 ارب7 کروڑ60 لاکھ ڈالرز تھے اور 29 مارچ کو ڈالرکا ریٹ 283 روپے 92 پیسے تھا. رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8 ماہ میں ایف بی آر ٹیکس وصولیوں میں 18.2 فیصد اضافہ ہوا جب کہ جولائی سے فروری تک بجٹ خسارہ میں 4 فیصد اضافہ ہوا۔