لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے پارٹی کے سینئر رہنمااور انتخابات کی تیاریوں کے لیے قائم الیکشن سیل کے کوارڈی نیٹر ہمایوں اختر خان نے زمان پارک میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال، پی ٹی آئی کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں، پنجاب کے انتخابات میں تاخیر اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان آج جس جگہ کھڑا ہے یہ فیصلہ کن وقت ہے، آج جو فیصلے کئے جائیں گے ان کے دورس نتائج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر جتنے مظالم کئے جارہے ہیں پاکستان کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں، لیکن ہم اس کے باوجود آئین و قانون کی بالا دستی کی جدوجہد کو پر امن رہ کر آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے پارٹی چیئرمین کو پنجاب کے الیکشن سیل کے حوالے سے تفویض کی گئی ذمہ داریوں بارے اب تک کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ انتخابات کے لئے اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبر اور مظالم کے باوجود تحریک انصاف ڈٹ کر میدان میں موجود ہے اور ان شا اللہ جب بھی انتخابات ہوں گے تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے وابستگی رکھنے والے تمام لوگوں کے حوصلے بلند ہیں اور ہم جبر کے ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔
Load/Hide Comments



