وزیراعظم نے کراچی میں گیس لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ایک دن میں حل کرا دیا

اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں گیس لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ایک دن میں حل کرا دیا، سحر و افطار میں شہریوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں کراچی کے شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔ اجلاس کو کراچی میں رمضان المبارک کے دوران گیس کے دباؤ میں کمی، تعطل اور لوڈ شیڈنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سحر و افطار میں شہریوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور حکام پر برس پڑے کہ ماہ صیام کے دوران گیس فراہمی کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانی چاہیے تھی۔یاد رہے وزیراعظم نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں کراچی میں گیس فراہمی کی شکایات کا سخت نوٹس لیا تھا۔وزیراعظم کے گزشتہ روز کے احکامات پر ہنگامی عمل درآمد کیاگیا۔جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کراچی میں گیس تعطل کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے گیس فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کرنے اور کوئی کوتاہی نہ برتنے کی سخت ہدایت کی ہے۔