ہمیں آئندہ بھرپور مینڈیٹ ملے گا،کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں ہوگی، عمران خان

لاہور(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پْرامید ہیں کہ آ والے وقت میں ہمیں بھرپور مینڈیٹ ملے گا اور کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔تفصیل کے مطابق عمران خان سے بد ھ کے روز زمان پارک میں ریٹائرڈ سیشن ججز کے وفد نے ملاقات کی اور 297 اراکین کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی سے یکجہتی کا اظہار کیا۔عمران خان نے ججز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ججز آر اوز بھی رہ چکے ہیں، ایسے ججز بھی تھے جو اینٹی کرپشن کے کیسز بھی دیکھتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا ہوگا ہم کس طرح عام شہری کو تحفظ دے سکتے ہیں، ہم ملک میں اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلیں گے اور معاشرے کی بہترین کیلیے قانون کی حکمرانی قائم کریں گے جو بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بڑے زاویے سے عوام کی فلاح کیلئے کوشش کرنا چاہتے ہیں اور پْرامید ہیں کہ مستقبل میں بھرپور مینڈیٹ کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کبھی مذاکرات یا بیٹھ کر گفتگو سے نہیں گھبرائی مگر ہم صرف الیکشن کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسمبلی فلور پر رانا تنویر نے جو بے ہودہ تقریر کی اس سے میرا سر شرم سے جھک گیا۔