وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی عرب میں زائرین سے بھری بس کے حادثے پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار

ریاض،اسلام آباد(آن لائن) سعودی عرب کے جنوب مغرب میں ایک خوفناک بس کے حادثے میں کم از کم 20 عمرہ زائرین جاں بحق اور 29 زخمی ہو گئے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں زائرین سے بھری بس کے حادثے پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔عرب خبر رساں ایجنسی کے مطابق عسیر ریجن میں عقبہ کے مقام پر عمرہ زائرین کی بس ایک پل سے ٹکرانے کے باعث الٹ گئی جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے، زائرین عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ جا رہے تھے۔بریک فیل ہونے کے باعث پیش آنے والا حادثہ عسیر صوبے اور ابہا شہر کو ملانے والی سڑک پر پیش آیا، مسافر بس مقامی اور غیر ملکی شہریوں کو لے کر ابھا شہر سے مکہ مکرمہ جا رہی تھی، بس میں زیادہ تر غیر ملکی اقامہ ہولڈر سوار تھے، بس کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد سڑک کو بند کر دیا گیا ہے۔سعودی شہری دفاع اور ریڈ کریسنٹ اتھارٹی کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زائرین کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں زائرین سے بھری بس کے حادثے پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں بس حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔شہباز شریف نے بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے مغفرت کی دعا بھی کی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں خوفناک بس کے حادثے میں کم از کم 20 عمرہ زائرین جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے ہیں۔