لاہور(آن لا ئن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اتوار کو دن دو بجے مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری قوم کومل کر جدوجہد کرنی ہو گی۔ پیر کے روز پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خا ن نے کہا توشہ خانہ کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو گیا، فارن فنڈنگ کیس میں ن لیگ کی فنڈنگ سامنے آئی تو سب پتا چل جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا ریلی سے واضح ہوگیا کہ حکومت ہم سے کیوں خوفزدہ ہے؟ 8 مارچ کو حکومت نے ہماری ریلی کو روکا۔انہوں نے کہا کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کو سزا دلواؤں گا، کبھی ذاتی مفاد کے لیے سڑکوں پر نہیں نکلا، یہ میری نہیں بلکہ سب کی جنگ ہے، ہمیں روکنے کے لیے تمام حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔عمران خان نے کہا یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کو الیکشن سے باہر کیا جائے، میرے اوپر 80 کیسز درج کیے گئے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی بلٹ پروٹ گاڑی کے اندرسے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ سے متعلق جلد نیا انکشاف ہونے والا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، ملک کے اوپر چوروں کا ٹولہ مسلط ہے، یہ سب ملکر مجھے کسی بھی طرح نااہل کرنا چاہتے ہیں، مجھ سمیت میری تمام پارٹی کے عہدیداوں پر سینکڑوں کیسز کر رکھے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ گھڑی کے معاملے پر مجھ پر بے حد تنقید اور کیس بنایا گیا، ہر طرح سے میری کردار کشی کی گئی، ان چوروں کا احتساب کرنے اور حقیقی آزادی کے لیے پوری قوم کو نکلنا ہو گا۔ عمران خان کی قیادت میں زمان پارک سے سخت سیکورٹی میں نکالی جانے والی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی داتا دربار پہ اختتام پذیر ہوئی ۔
Load/Hide Comments



