ملک کو دلدل سے نکالنے کیلیے الیکشن کے علاوہ اگر کوئی اور راستہ ہے تو بتادیں؟،عمران خان

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں پوچھتا ہوں یہ فیصلہ کس نے کیا کہ مجھے آنے نہیں دینا؟ ان کا کہنا ہے کہ مجھے سیکیورٹی خدشات رانا ثناء اللہ اور دیگر لوگوں سے ہیں، ملک کو دلدل سے نکالنے کیلیے الیکشن کے علاوہ اگر کوئی اور راستہ ہے تو بتادیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کیا ۔عمران خان نے ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال موجودہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت ہوتے ہوئے وہ طاقت پولیس کو کنٹرول کررہی تھی، میں پوچھتا ہوں کہ کس نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کو آنے نہیں دینا، ملک میں ایک ہی وفاقی پارٹی رہ گئی ہے، آپ مجھے ختم کریں گے تو ملک کو اکھٹا کون کرے گا۔ مجھے سیکیورٹی خدشات رانا ثناءاللہ اور دیگر لوگوں سے ہیں، اگر میں آج یہ کہہ دوں کہ ان کو این آر او دے دوں گا تو مجھے لاحق سیکیورٹی کا خطرہ کم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ضیاء الحق کے زمانے جیسا خوف کا نظام بنا دیا گیا ہے سیاسی کارکنان پر ایسا ظلم کبھی نہیں دیکھا، میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ملک میں ایسے حالات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف قتل، دہشت گردی اور توہین مذہب کے الزامات کے تحت 80مقدمات درج کرادیے گئے، ان کی کوشش ہے کہ میں عدالتوں میں پھرتا رہوں اور انتخابی مہم نہ چلا پاؤں، پہلے یہ ظلم کرتے ہیں اور پھر بعد میں کوراپ کرتے ہیں، بے شرمی دیکھیں کہ ظل شاہ کے قتل کا کیس مجھ پر کیا اور چار دن بعد کہا کہ یہ حادثہ ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ مریم نواز نے نیب میں پیشی پر پتھراؤ کیا، ان لوگوں کا پھر بھی کچھ نہیں ہوا، مریم ساری جگہ کہتی پھر رہی ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالو اور نوازشریف کے کیسز ختم کرو، ملک میں یہ کوئی قانون ہے یا اس ملکہ کے حکم پر ہی اسے چلنا ہے؟ میرا بھی لندن میں فلیٹ تھا، نوازشریف مجھے عدالت لے کر گیا، میں نے اپنے فلیٹ سے متعلق ایک ایک دستاویزات پیش کیں اور پوری منی ٹریل دی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں لوگ کیوں ملک کے خلاف جارہے ہیں؟ وہاں نفرتیں پھیلائی جارہی ہیں، کیوں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ سیاسی لوگ سیٹلمنٹ کرتے ہیں، 71میں سب سے بڑی جماعت کو دیوارسے لگادیا گیا تو آخر میں کیا ہوا؟ قوم اور سیاسی جماعتیں ہی ملک کو اکٹھا رکھ سکتی ہیں،اس وقت پاکستان میں پی ٹی آئی ہی سب سے بڑی وفاقی پارٹی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ویسے تو ملکی مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں اگر الیکشن کے علاوہ بھی ملک کو دلدل سے نکالنے کا کوئی راستہ ہے تو وہ بتادیں۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون ہے یا ملکہ کے حکم پر چلنا ہے، میرا بھی لندن میں فلیٹ تھا اْس پر نواز شریف مجھے عدالت لے گیا، میں نے اپنے فلیٹ سے متعلق ایک ایک دستاویز پیش کیے۔ عمران خان نے کہا میں آزاد آدمی ہوں اور کسی کا غلام نہیں بن سکتا۔ عمران خان نے کہا کہ ان کے پاس جو غیر قانونی دولت ہے اس کا ابھی تک جواب نہیں دیا، جو ملک کا پیسے چوری کر کے باہر لے گئے وہ کیسے ملک ٹھیک کر سکتے ہیں۔