لاہور (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج (اتوار کو) لاہور میں انتخابی ریلی نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے لوگ نکلیں گے اور ان کو بتائیں گے کہ قوم کہاں کھڑی ہے، انکی کوشش ہے مجھے قتل یا دھماکا کرکے الیکشن منسوخ کرائیں جبکہ عمران خا ن نے کارکن ظل شاہ کی ہلاکت پر پنجاب حکومت کا بیان مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کارکن کو قتل کیا گیا، میرے اوپر مقدمہ درج کیا گیا اور اب سارے ثبوت ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آئی جی کو شرم آنی چاہیے کہ اپنا بیان بدل رہے ہیں، قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ہفتہ کے روز ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ظل شاہ کو پولیس نے دوران حراست تشدد کرکے شہید کیا۔میں اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھتا رہا، 26 سال کی سیاست میں مشکل سے مشکل وقت آیا،اس سے پہلے بھی ہمارے کارکنوں کو شہید کیا گیا اور رہنماوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، 25 مئی کو بھی پولیس نے اس کا بازو توڑ دیا تھا،لیکن ظل شاہ کے ساتھ ظلم پر جو تکلیف ہوئی بیان نہیں کرسکتا، ظل شاہ نے آج تک کسی کے ساتھ کچھ نہیں کیا وہ اپنی دنیا میں رہنے والا شخص تھا، پولیس اسے وین میں ڈال کر لے گئی، ڈیڑھے گھنٹے اس کے ساتھ کیا کیا؟ بعدازاں اس کی لاش سڑک سے ملی۔ انہوں نے کہا کہ ظل شاہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سب کے سامنے ہے، یہ کس طرح درندے ہیں؟ اس کے پیچھے جو آدمی ہے وہ ذہنی مریض ہے وہ جب سے آیا ہے اس طرح کی حرکتیں کرارہا ہے، ظل شاہ کے جسم پر 60 جگہ تشدد کے نشانات ہیں، اسے مار کر سڑک پر پھینک دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنایا گیا جس کے ذہن میں ہمارے خلاف زہر تھا، ہمارے کارکنوں نے بتایا کہ جہاں سے ہمارے قافلے گزرے پولیس ہمارے ساتھ تھی، یہ جو مسلط ہیں ہم پر یہ ہمیں انسان نہیں بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، آج یہ پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ ظل شاہ کے ساتھ حادثہ ہواہے، 25 مئی میں جو سی سی پی او ملوث تھا اس کو خاص بلاکر لگایا گیا، پولیس والے نے پیغام دیا کہ ہم نے تشدد نہیں کیا نامعلوم افراد نے کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ آئی جی کو شرم آنی چاہیے ہمارا کارکن مارا گیا اور مقدمہ مجھ پر کیا گیا، اب کوراپ کرنے کے لیے لوگوں سے بیانات دلائے جارہے ہیں، اب تمام ثبوت ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، شہبازگل کو جس وجہ سے پکڑا گیا تھا، خواجہ آصف نے بھی وہی بیان دیا جس پر شہبازگل کو پکڑا گیا، میں شہبازگل کو کہوں گا کہ خواجہ آصف کے خلاف پرچے کرے تاکہ اس کو بھی وہی سزا ملے جو شہبازگل کو دی گئی۔سابق وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں سب تیار ہوں آج (اتوار کو) دو بجے الیکشن ریلی کی قیادت کروں گا، لاہور کے لوگوں نکلنا ہے یہ بتانے کیلئے کہ ہم بھیڑ بکریاں نہیں، لاہور کے لوگ نکلیں گے ان کو بتائیں گے کہ قوم کہاں کھڑی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی کوشش ہے مجھے قتل کرکے یا کوئی دھماکے کرکے الیکشن منسوخ کرائیں، مجھے پتا ہے کہ الیکشن روکنے کے لیے انھوں نے کچھ کرنا ہے، قوم ساری ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس لیے یہ ڈرے ہوئے ہیں، جن کا کام قوم کو بچانا ہے وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔
Load/Hide Comments



