کارکنوں پر تشدد، نگران پنجاب حکومت کا اقدام آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے، عمران خان

لاہور (آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں پی ٹی آئی ریلی میں شرکت کرنے والے کارکنوں پر پولیس کا تشددپر ردعمل میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کا حکم دیا،صدر مملکت کو بھی پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینے کا کہا گیا جس پر صدر عارف علوی نے 30 اپریل کو انتخابات کرانے کی منظوری دی۔اپنے ٹوئٹس میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں 55 دن رہ گئے ہیں،پی ٹی آئی نے انتخابی مہم کے تناظر میں لاہور میں ریلی نکالنے کا پلان بنایا لیکن نگران پنجاب حکومت پی ٹی آئی کارکنوں کو پولیس کے ذریعے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کا واحد کام منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانا ہے،نگران حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ قانون کی حکمرانی،آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے۔