بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی، ایک اور کشمیری نوجوان شہید

سرینگر (آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلواما میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ بھارتی فوج کے اہلکار چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس گئے۔ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جب کہ بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اس دوران ایمبولینس کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ موبائل فون اور نیٹ سروس بھی معطل کردی گئی۔ بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان کو شہید کردیا۔