ساہیوال(آن لائن) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کارکنوں کو انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائے جائیں، سیاہ فسطائی دور میں پارٹی لیڈرشپ اور کارکنوں نے کمال ہمت کا مظاہرہ کیا ہے، محنتی، نظریاتی اور مشکلات کاڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کارکنوں کی بھرپور سرپرستی کریں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) ساہیوال کی مرکزی تنظیم کا اجلاس ہوا۔ سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مدر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں مختلف شعبوں کے اشتراک عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مریم نوازشریف نے گزشتہ روز ساہیوال میں پرجوش تنظیمی کنونشن منعقد کرنے پر پارٹی قیادت اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ خواتین، نوجوانوں اور کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر دِل خوش ہوگیا۔ جتنی بڑی تعداد میں خواتین اور نوجوان تنظیمی کنونشنز میں آرہے ہیں، یہ ہے اصل تبدیلی۔ عوام کو مسائل سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ سیاہ فسطائی دور میں پارٹی لیڈرشپ اور کارکنوں نے کمال ہمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، عوام کی خدمت کی ذمہ داری بھی ہم پر زیادہ ہے۔ پارٹی کی مرکزی تنظیم ذیلی شعبہ جات کے لئے ماں کی طرح ہوتی ہے۔ محنتی، نظریاتی اور مشکلات کاڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کارکنوں کی بھرپور سرپرستی کریں۔ الیکشن کی تیاری کریں، عوام سے رابطے بڑھائیں، حقیقت بتائیں۔ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائیں۔ ساہیوال کی مرکزی تنظیم نے مریم نوازکو سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مبارک باد پیش کی۔ کارکنوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے چیف آرگنائزر بننے سے پارٹی میں ایک نئی جان آگئی ہے۔
Load/Hide Comments



