وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا سعودی سفیر سے ملاقات

اسلام آباد (آن لائن)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی سعودی عرب کے سفارتخانے میں آمد،سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا۔معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔سعودی نائب وزیر داخلہ اس معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔اس پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ ایمیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس منصوبے کا جلد بڑے شہروں سے آغاز کیا جائے گا۔وزیر داخلہ کے استفسار پر سعودی سفیر کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔