عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف اجتماعی آواز اٹھائے،شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف اجتماعی آواز اٹھائے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیالات کااظہار نیدر لینڈز کے وزیراعظم مارک روٹے (Mark Rutte) سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیینیدر لینڈز کی حکومت کی امداد, بحالی اور تعمیر نو کے فریم ورک کی تیاری میں ڈچ آبی ماہرین کے تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا اور اس حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے نیدر لینڈز کی کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے IIOJK، افغانستان اور یوکرین کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف اجتماعی آواز اٹھائے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرے.اس سال پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے اس سنگ میل کو بھرپور طریقےمنانے پر اتفاق کیا.