وزیراعظم کی زیر صدارت اشیاء خور و نوش کی دستیابی و قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے سے متعلق اہم اجلاس

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے پورے ملک میں بنیادی اشیاء خور و نوش کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے احکامات دیئے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ اشیاء ضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھا جا سکے. وزیراعظم نے اس سلسلے میں وفاق اور صوبوں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی بہتر بنانے کی تاکید کی۔وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت بنیادی اشیاء خور و نوش کی دستیابی اور ان کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہو جس میں وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کاروائی اور اشیا ء ضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کے حوالے سے روابط اور ہم آہنگی بہتر بنانے کی ہدایت کرنے کے ساتھ ساتھ سپلائی چین کو مؤثر بنانے اور قیمتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے خصوصی کمیٹیز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے خصوصی ہدایت جاری کی کہ ایسی اشیاء جن کا استعمال رمضان کے دوران بڑھ جاتا ہے انکی آسان اور سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے.وزیراعظم نے بنیادی اشیاء کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت بھی کی. انہوں نے تاکید کی کہ رمضان کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی سستے داموں فراہمی اور سستے رمضان بازاروں کے حوالے سے صوبے اور انتظامی یونٹس اگلے جائزہ اجلاس میں ٹھوس حکمت عملی پیش کریں. انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور ان بازاروں میں سیکورٹی کے خاطر خواہ اقدامات ہونے چاہئیں. وزیراعظم نے بڑی آبادی والے شہروں میں رمضان بازاروں کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔