چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس:الیکشن کے انعقاد اور سکیورٹی امور پر گفتگو

اسلام آباد (آن لائن)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے سکیورٹی خدشات اور دیگر عوامل پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں صدر مملکت کے بھیجے گئے مراسلے پر غور کیا گیا، صدر مملکت کے مراسلے کے آئینی اور قانونی مضمرات اور الیکشن کمیشن کی آئینی وقانونی ذمہ داریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں وزارت داخلہ کے امن وامان کی خراب صورت حال سے متعلق خط پر بھی غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت داخلہ کے خط میں دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق بتایا گیا ہے، وزارت داخلہ نے بتایاہیکہ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو اسٹیٹک ڈیوٹی کے لیے مہیا نہیں کیا جاسکتا، اجلاس میں فنانس ڈویژن کی طرف سے مطلوبہ فنڈز کی عدم دستیابی پر بھی غور کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق فنانس ڈویژن نے الیکشن کمیشن سے فنڈز فراہمی کی درخواست کو موخرکرنیکا کہا ہے، اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کے سکیورٹی خدشات پر غور کیا گیا، اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کے سکیورٹی خدشات پر بھی غور کیا گیا۔