وزیراعظم کی اپیل، ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم میاں شہباز شریف کی اپیل پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع ہوگئی، طلباء و طالبات نے ترکیہ اور شام کے عوام اور بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلباء و طالبات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب کو ترکیہ اور شام کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنی چاہیے ہم سب زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ طلباء و طالبات نے معاشرے کے تمام طبقات سے بھی اپیل کی کہ ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم بھی مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہ چھوڑیں اوران کی مدد کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھانے اور مدد کریں۔