تیل کی قیمت کسی صورتحال میں نہیں بڑھائی جا رہی، ذخیرہ اندوز باز آجائیں،مصدق ملک

اسلام آباد (آن لائن) وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ملک میں تیل کی قیمت کسی صورتحال میں نہیں بڑھائی جا رہی، ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلت نہیں تاہم کچھ لوگ زیادہ نفع کیلیے تیل کی ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں جن کے خلاف حکومت ایکشن لے گی،میرے ذ مہ لوگوں تک پیٹرول، گیس اور بجلی لوگوں تک مہیا کرنا ہے، حکومت معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ گزشتہ روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا عوام کیلیے تیل اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، ملک میں بیس دن کا پیٹرول اور تیس دن کا ڈیزل موجود ہے۔مصدق ملک کا کہنا تھا ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے ہے، پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ لوگ اس طرح کے اقدامات کر کے عوام میں اپنی عزت گھٹا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ چند لوگ ہیرا پھیری کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کو ذخیرہ کررہے ہیں ایسے لوگوں اور کمپنیوں کا لائنسنس منسوخ کریں گے،جب ریاست قدم اٹھائے گی تو پھر آپ لوگ نیوز کانفرنسز کررہے ہوں گے۔ ذخیرہ اندوزوں سے درخواست ہے رک جائیں ورنہ نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تیل ذخیرہ کرنے والے یہ سمجھ رہے ہین کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے جارہا ہے، حکومت کا تیل کی قیمت بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت میں بہتری کیلیے اقدامات کررہی ہے، معیشت کی ترقی سے عوام خوش حال ہوں گے، حکومت کا کام عوام کیلیے سہولیات پیدا کرنا ہے۔ ملک میں چند روز قبل آنے والے بجلی بریک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا بجلی بریک ڈاؤن کی وجوہات پرکام مکمل کر لیا ہے، دو دن میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دوں گا۔ مصدق ملک کا کہنا تھا روس سے تیل خریداری کے معاملات مارچ کے آخر تک طے ہو جائیں گے اور امید ہے کہ اپریل سے ملک میں روس سے تیل آنا شروع ہو جائے گا۔