قرآن پاک کی بیحرمتی مذہبی منافرت پھیلانے، اظہار رائے کی آزادی کے حق کا استحصال ہے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سوئیڈن کے بعد ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بیہودہ اور جارحانہ فعل کی شدید مذمت کرتا ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ قرآن پاک کی بیحرمتی اسلاموفوبک واقعہ ہے جیسا چند روز قبل سویڈن میں ہوا تھا، قرآن پاک کی بیحرمتی مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کے لیے اظہار رائے کی آزادی کے حق کا استحصال ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قرآن پاک کی بیحرمتی اس قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان ہے جس کے پیچھے نفرت پھیلانے والے چھپتے ہیں، اس وقت دنیا کو پرامن بقائے باہمی کے لیے بینالمذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کی ضرورت ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی ہے، پاکستان اپنے اس موقف کا اعادہ کرتا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، قومی حکومتوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان نسل پرستانہ اور اسلام سے نفرت کی کارروائیوں کو روکے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے تحفظات ڈنمارک کے حکام تک پہنچائے جارہے ہیں، ہم ڈنمارک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے، ڈنمارک ان نفرت انگیز اور اسلاموفوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔